تسیل البیان فی تفسیر القرآن
مصنفہ : ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
تعارف
صاحبہ تفسیر شکیلہ بیگم 1946ء میں لاہور میں میاں فضل حسین کے ہاں تولد ہوئیں جوکہ ایک کاروباری شخصیت تھیں مکلیگن روڈ لاہور میں اپنا ذاتی پرنٹنگ پریس تھا والدہ کانام خورشید بیگم تھا، سب سے بیٹے عمران کے نام سے کنیت ام عمران اختیار کی، تفسیر میں آپ کاتعارف کچھ یوں درج ہے : ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین، آپ کی شادی 1964ء میں چوہدری محمد افضل (SDO واپڈا ریٹائر) سے ہوئی اوران کے ساتھ شیخوپورہ سدھار گئیں، اولاد میں تین بیٹے ہیں بڑے بیٹے عمران افضل، منجھلے رضوان افضل، اورسب سے چھوٹے حافظ فرقان افضل۔
دینی تعلیم
آپ نے قرآن مجید ناظرہ اپنے گھر میں ہی وظیفہ پر مقرر شدہ ایک خاتون سے پڑھا، جوکہ روزانہ باقاعدگی سے کلاس لیتی تھیں، ناظرہ قرآن کے علاوہ 2006ء تک کوئی باقاعدہ یابے قاعدہ دینی تعلیم کے حصول کاموقع نہ مل سکا۔
عصری تعلیم
آپ نے میٹرک کا امتحان 1963ء میں چوبرجی گورنمنٹ ہائی سکول لاہور سے پاس کیا،1964ء میں شادی ہوئی جس بنا پر دینی تعلیم کی طرح مزید عصری تعلیم کاحصول نہ ہوسکا۔
خاندانی وذاتی مذہبی لگاؤ
خود بتاتی ہیں کہ میرے دودھیال، نتھیال، میکے اورسسرال میں مذہبی لگاؤ بس واجبی سا ہی تھا، دینی معاملات میں کوئی پابندی نہ تھی البتہ تمام میں صرف ساس صاحبہ ہی اپنی حد تک پابند صوم وصلوۃ تھیں ۔ مسلکی اعتبار سے تمام اہل سنت والجماعت حنفی بریلوی تھے دین سے منسوب رسومات (قل، سوم، چہلم، ودیگر) پر پورے اہتمام سے عمل کیاجاتاتھا میرااپناحال بھی کچھ اس سے بڑھ کر نہ تھا گھرگرہستی کے علاوہ سیروسیاحت، خریداری کرنا اور ٹیلی ویژن دیکھناشوق تھے۔ کبھی قرآن کی تلاوت کرلینا اورپنج وقتہ نماز کی پابندی بھی نہ تھی، صرف دل میں ایک امنگ موجود تھی کہ میرا بیٹا حافظ قرآن ہو، جس کواللہ پاک نے پورا کیا، اس کے ساتھ یہ دل بھی کرتاتھاکہ وہ قرآن پڑھے اور میں سنوں۔
سبب تالیف تسہیل البیان
یہ اللہ سبحانہ وتعالی کاوعدہ برحق ہے کہ اس قرآن کونصیحت کے لیے انتہائی آسان بنایا ہے، ایک عام سادہ مسلمان جس کے پاس کوئی بھی دینی یاعصری تعلیم کی ڈگری نہ ہو تووہ کس طرح اپنے خالق حقیقی کے پیغام کوسمجھ سکتا ہے، شرط بس یہ ہے کہ وہ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کرعصبیت کی عینک اتارے اورقرآن میں غوطہ زن ہو اورحق کی تلاش شروع کردے تووہ فتنوں سے بچنے کی قرآن سے راہنمائی بھی پائے گااورمیری طرح حق وباطل کی تمیز بھی کرپائے گا، اس کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ۔ میری یہ کاوش سادہ مسلمانوں کوقرآن فہمی کی طرف ایک مضبوط عملی آواز وقدم ہے کہ وہ بھی اس کاوش کودیکھ کر اپنارشتہ بغیر کسی ہچکچاہٹ عمر کی زیادتی وکم علمی قرآن سے جوڑیں۔
تصدیق نامہ
مقدمہ از فضیلۃ الشیخ مفتی مبشر احمد ربانی حفظہ
الحمد للہ رب العلمین والعاقبۃ للمتقین والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین۔ امام بعد۔
قرآن حکیم وہ مقدس، لازوال اور لاریب کتاب ہے، جسے انسانوں کے لیے رشد و ہدایت بنا کر نازل کیا گیا ہے۔ اس کی مثل و نظیر لانے سے دنیا عاجز و درماندہ ہے، اللہ تعالیٰ نے اس میں تدبر و تفکر کی دعوت دی ہے، ارشاد باری تعالی ہے۔ افلا یتدبرون القرآن۔ ولوکان من عند غیر اللہ لوجدوا فیہ اختلافا کثیرا۔ (النساء۔ 8)
تو کیا وہ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے اور اگر وہ غیر اللہ کی طرف سے ہوتا تو وہ اس میں بہت زیادہ اختلاف پاتے۔ دوسری جگہ فرمایا۔ کتب انزلنہ الیک مبرک لیدبروا ایتہ ولیتذکر اولوا الالباب۔ (ص29)۔ یہ ایک کتاب ہے، ہم نے اسے تیری طرف نازل کیا ہے، بہت بابرکت ہے، تاکہ وہ اس کی آیات میں غور و فکر کریں اور تاکہ عقل والے نصیحت حاصل کریں۔
لہٰذا اہل علم پر لازم ہے کہ وہ اللہ کے کلام کے معانی و مفاہیم کی عقدہ کشائی کریں۔ اس کتاب سے اعراض کرنا اور اس کی تفہیم و تعلیم سے دور رہنا اپنے آپ کو جہنم کے عمیق گڑھوں میں گرانے کے مترادف ہے۔
مفسرہ نے تفسیر قرآن لکھتے وقت تین تفاسیر کو مدنظر رکھا ہے۔ ۱۔ تفسیر ابن کثیر ۲۔ تفسیر احسن البیان۔ ۳۔ تیسیر القرآن۔ جب کہ سورتوں کے تعارف میں تفہیم القرآن سے راہنمائی لی گئی ہے۔
خلاصہ تفسیر لکھتے وقت کوشش کی گئی ہے کہ اپنی طرف سے بحث نہ کی جائے اور کسی اختلافی مسئلہ کو زیر بحث نہ لایا جائے۔
الغرض یہ خلاصہ تفسیر عام فہم، سلیس اور قارئین کرام کیلئے مطالب و معافی سمجھنے کیلئے بڑی ممد و معاون ہے۔
میں اپنے تمام تر قارئین اور قارءات سے التماس کرتا ہوں کہ وہ اس تفسیر کا مطالعہ کریں اور قرآن فہمی میں اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مفسرہ قرآن آپا شکیلہ اور ان کے اہل وعیال کیلئے دعا گو بھی رہیں۔ آمین یا رب العالمین۔
مفتی ابوالحسن مبشر احمد ربانی عفا اللہ عنہ
رئیس مرکز الحسن 882 بی بلاک سبزہ زار۔ لاہور