1. ترجمہ سندھی۔ مولانا تاج محمود امروٹی (رح)
ہے۔
مصنف کا تعارف
مولانا تاج محمود امروٹی روحمہ اللہ خانوادہ سادات سے تعلق رکھتے تھے، ان کا شجرہ نسب حضرت عبدالقادر جیلانی کے چوتھے فرزند سید نا محمد رضا سے ملتا ہے، مولانا امروتی کے والد گرامی کا نام سید عبدالقادر عرف بھورل شاہ تھا۔ آپ کی ولادت باسعادت سندھ کے ضلع خیر پور کے شہر پر یالو کے نزدیک ایک چھوٹے سے گاؤں دیوانی میں ہوئی۔ ان کی تاریخ ولادت کا تعین نہیں ہوسکا۔ البتہ کچھ روایات کے مطابق ان کی ولادت سن 1857 ء یا 1858 ء میں ہوئی تھی، مولانا نے ابتدائی تعلیم اپنے والد ماجد سے حاسل کی، اس کے بعد اعلی دینی تعلیم کے لیے سندھ کے مشاہیر علماء سے کسب فیض کرتے رہے۔ مولانا امروٹی اعلی دینی تعلیم کے حصول کے لیے پنجاب کے کچھ نامور علماء کرام کے پاس گئے اور عالمانہ اسناد حاصل کیں۔
درسی کتب سے فراغت کے بعد وہ اپنے والد سے سلوک کی راہ و رسم حاصل کرنے لگے، مگر ان کی وفات کے بعد وہ اس دور کے قطب الاقطاب حضرت حافظ محمد صدیق بھرچونڈی کی خدمت میں حاضر ہو کر اکتساب فیض کرتے رہے، حافظ صاحب جنید وقت تھے، وہ ایک طرف تو راشدی قادری طریقت کے شیخ تھے تو دوسری طرف حضرت سید احمد شہید بریلوی اور حضرت شاہ ولی اللہ کے پوتے حضرت شاہ اسماعیل شہید کی زیارت کرچکے تھے اور ان کے مجاہدانہ کارناموں سے واقف تھے۔ انہی اثرات کے تحت حافظ صاحب نے سندھ میں سنت کے زندہ کرنے اور شرک و بدعات کی بیخ کنی کرنے کے لیے جہاد شروع کیا حافظ صاحب کی وفات 1308 میں ہوئی۔ ان کی وفات کے بعد حضرت مولانا تاج محمود بھرچونڈی سے منتقل ہوکر سکھر سندھ کے چھوٹے سے گاؤں، امروٹ، میں مقیم ہوکر طالبان کو اپنے روحانی فیض سے سیراب کرتے رہے۔
مولانا امروٹی کے خلفاء میں حضرت مولانا احمد علی لاہور، حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب تھریچانوی، حضرت مولانا میاں محمد صالح بائجی والے اور حضرت مولانا حماد اللہ ھالچوی شریف والے نہایت مشہور بزرگ گذرے ہیں جن کا فیض سندھ اور پنجاب تک پھیلا ہوا ہے۔
حضرت امروٹی کے دور میں سندھ میں ہندو نہایت مالدار اور تعلیم یافتہ طبقات سے تعلق رکھتے تھے۔ اس لیے حضرت نے سندھ کے ہندوؤں میں تبلیغ دین کے کام کو منظم کیا، اس سلسلے میں انہوں نے قرآن مجید کا صرف سندھی ترجمہ الگ طور پر شائع کروایا، تاکہ وہ غیر مسلمانوں کو آسانی کے ساتھ مطالعہ کے لیے دیا جاسکے، تحریک آزادی میں کام کرنے والے ہندو کارکن بھی اس آزادی کے مرکز، امروٹ شریف آتے رہتے تھے اور ان میں کافی تعلیم یافتہ لوگ حضرت کی تبلیغ اور اخلاق سے متاثر ہو کر مسلمان ہوگئے جن کی تعداد بعض روایات میں 7000 تک بتائی گئی ہے۔